حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ عارف حسین واحدی نے خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران راولپنڈی میں منعقدہ سمینار "فلسطین اور بین الاقوامی نظام کا دوہرا معیار" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: اسرائیل کی پشت پر موجود امریکہ اور دیگر قوتوں نے عالمی نظام میں فلسطین کے لیے دوہرا معیار بنا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا: اسرائیل جتنی درندگی کے ساتھ فلسطینیوں کی تحریک کو کچلتے ہوئے بچوں، بوڑھوں،خواتین اور بے گناہوں کا قتل عام کر رہا ہے اس پر انسانی حقوق کے علمبرداروں کا نہ بولنابلکہ سلامتی کونسل میں اسرائیل کی بربریت کے خلاف آئی کئی قراردادوں کو ڈھٹائی کے ساتھ ویٹو کرنا اس عالمی نظام پر ایک دھبہ ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا: سلامتی کونسل میں ہر روز اپنے مفادات کے لئے انسانی حقوق کا ڈھنڈورا تو پیٹا جاتا ہے لیکن مظلوم فلسطینی کے قتل عام اور نسل کشی پر مسلسل اسرائیل کی پشت پناہی کی جاتی ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: ہم بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے انقلاب اسلامی کی کامیابی سے پہلے اور بعد میں مسلسل فلسطین اور بیت المقدس کے مسئلے کو اس قوت سے اٹھایا کہ سرد خانے میں ڈالے گئے فلسطینی کاز کو دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ بنا دیا۔